چاغی؛ وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کی حمایت میں ریلی ، شرکاء نے اپوزیشن کے خلاف شدید نعرے بازی کی

18

چاغی،26ستمبر(اے پی پی):صوبائی وزیر میر محمدعارف محمدحسنی کی ہدایت پر الفتح پینل چاغی کے زیر اہتمام وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کی حمایت میں ریلی نکالی گئی جس میں مختلف مکاتب فکر کے لوگوں نے شرکت کی، ریلی کا آغاز مسجد روڈ دالبندین سے ہوا جس کے شرکاء مختلف شاہراہوں پر نعرے بازی کرتے ہوئے دالبندین پریس کلب کے سامنے پہنچے جہاں مظاہرین نے اپوزیشن کی جانب سے وزیر اعلیٰ بلوچستان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی شدید مذمت کی۔

 شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ملک خدابخش سیاپاد، سردار الیاس سنجرانی، میر احمد محمدحسنی، میر بدل خان نوتیزئی اور سنگت ثناء بہادُرزئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرکے کرپشن اور کمیشن خوروں کا راستہ روکا جس کی وجہ سے اپوزیشن بلوچستان حکومت کو بلیک میل کررہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں نے 35 سالوں تک حکومت میں رہ کر کچھ نہیں کیا اب وہ اپنا گند بھی موجودہ حکومت کے سر پر ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں۔