اسلام آباد،21ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کابینہ نے ملک میں سینما اور فلم انڈسٹری کی بحالی کے لئے علاقائی ملکوں سے فلموں کی درآمد اور انہیں سینما میں دکھانے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ این سی او سی کے ساتھ سینما کو کھولنے کیلئے بات کی جا رہی ہے، ہم کوشش کر رہے ہیں کہ ملک میں سینما فوراً کھلے اور اس میں پنجابی فلمیں، کینیڈین، ترکی اور ایران کی فلمیں دکھائی جائیں، اس سے سینما کے کاروبار کو سہارا ملے گا۔ اس کے علاوہ بھی ہم مراعات فراہم کریں گے جن میں سینما کے لئے بجلی پر سبسڈی بھی شامل ہے۔ ٹیکسوں میں ریلیف پہلے ہی فراہم کر دیا گیا ہے۔