اسلام آباد،05 ستمبر(اے پی پی):کامیاب جوان پروگرام کی ایک اور کامیاب کہانی، ایبٹ آباد کی معذور خاتون آمنہ رشید نوجوانوں کیلئے مثال بن گئی،اسکل اسکالرشپ پروگرام میں ٹاپ کر کے سب کو پیچھے چھوڑ دیا،معذوری کے باوجود جس ادارے سے تربیت حاصل کی اسی میں ملازمت بھی مل گئی۔
آمنہ رشید نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے جدید کورس کی ٹریننگ میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ آمنہ رشید نے گرافک ڈیزائننگ، ویب ڈیزائننگ اور ایپلیکیشن ڈویلپمنٹ میں مہارت حاصل کی۔
آمنہ رشیدنے کہا کہ سوچا نہیں تھا کہ کامیاب جوان پروگرام زندگی بدل کر رکھ دے گا، خوشی ہے کہ جس ادارے سے تربیت لی اسی میں ملازمت حاصل کی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کیلئے میرے دل سے دعا نکلتی ہے، عمران خان جیسا حکمران 20 سال پہلے مل جاتا تو حالات اور بھی مختلف ہوتے۔
سربراہ کامیاب جوان پروگرام عثمان ڈار نے آمنہ رشید کی کہانی سوشل میڈیا پر پوسٹ کر دی۔عثمان ڈار نے کہا کہ آمنہ رشید کی محنت ہر نوجوان کیلئے قابل تقلید سبق ہے، آمنہ نے معذوری کو مجبوری یا کمزوری سمجھنے کی بجائے اپنی طاقت بنایا۔انہوں نے کہا کہ ایسے نوجوانوں پر فخر ہے جو بڑی سے بڑی پریشانی کو رکاوٹ نہیں بننے دیتے، کامیاب جوان پروگرام آمنہ رشید جیسے ہزاروں نوجوانوں کیلئے سہارا بنے گا
انہوں نے مزید کہا کہ ہمت، محنت اور لگن نوجوان دکھائیں، تعاون اور حوصلہ افزائی حکومت کرے گی۔