ملتان۔11ستمبر (اے پی پی):کنٹونمنٹ بورڈ ملتان کے انتخابات کل اتوار کو ہوں گے جن میں 17ہزار825ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے ۔ انتخابات کے لیے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں جس کے مطابق کنٹونمنٹ بورڈ کو 10وارڈز میں تقسیم کرتے ہوئے16پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں ان میں چارمرد اور چار خواتین اور آٹھ پولنگ اسٹیشن مشترکہ شامل ہیں جبکہ 46پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں جن میں 23مرد اور 23خواتین کے ہیں۔کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات کے لیے پولنگ بغیر کسی وقفے کے صبح آٹھ بجے سے شام پانچ بجے تک جاری رہے گی۔انتخابات کےلئے کنٹونمنٹ بورڈ کے وارڈز کو دوحصوں میں تقسیم کیاگیا ہے جس میں وارڈ نمبر1 سے وارڈ نمبر 5میں محلہ جمیل آباد، ایئرپورٹ روڈ جنکشن، منصور کیانی روڈ، محلہ لال کرتی /عیدگاہ روڈ اور محلہ رحمان پورہ شامل ہیں جس کےلئے سلیم اختر خان کو ریٹرننگ آفیسرمقرر کیاگا جبکہ وارڈنمبر 6سے وارڈ نمبر10 میں ایم جی ایم کلب، اورنگزیب روڈ ، عسکری کالونی فیز 1،2 اور قاسم لائن شامل ہیں اور ا سکے لیے چوہدری بابر حسین ریٹرننگ آفیسر مقرر کیے گئے ہیں۔اس حوالے سے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے ریٹرننگ آفیسر سلیم اختر خان نے بتایاکہ وارڈ نمبر1 میں رجسٹرڈ ووٹوں کی تعداد 2550، وارڈ نمبر2 میں 550، وارڈ نمبر 3 میں 1246،وارڈ نمبر4میں 2815، وارڈنمبر5میں4954، وارڈنمبر6میں 1981، وارڈ نمبر7میں 1283، وارڈ نمبر8میں 577، وارڈ نمبر9 میں936اور وارڈ نمبر10میں933ووٹرزشامل ہیں۔