اسلام آباد،14ستمبر (اے پی پی):وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ کورونا وبا کی وجہ سے دنیا بھر میں روزمرہ استعمال کی اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، پاکستان بھی اس سے متاثر ہوا ہے ۔
منگل کو وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے فوڈ سکیورٹی جمشید اقبال چیمہ کے ہمراہ پریس کانفرنس میں وزیر خزانہ نے کہاکہ عالمی مارکیٹ میں چینی، گندم اور خوردنی تیل کی قیمتیں 70 سے 95 فیصد تک بڑھی ہیں، ہم نے عالمی مارکیٹ سے ہٹ کر مقامی سطح پر چینی، گندم اور خوردنی تیل کی قیمتیں 15 سے 20 فیصد بڑھائیں۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی تقابل میں بھی اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ پاکستان میں سب سے کم تھا۔ انہوں نے کہا کہ 20 سال پہلے جو قیمتیں تھیں وہ بہرحال آج نہیں ہیں۔ اگلے 10 سال میں قیمتیں موجودہ قیمتوں سے مختلف ہوں گی۔