کھلاڑی محنت اور دیانتداری سے دنیا میں پاکستان کا نام روشن کریں؛صدر مملکت

19

اسلام آباد، 26ستمبر  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قومی کھیلوں کی ٹیموں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کھلاڑیوں پر زور دیا ہے کہ وہ محنت اور دیانتداری سے دنیا میں پاکستان کا نام روشن کریں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے چودہویں چیف آف نیول سٹاف ایمیچیورز گالف چیمپئن شپ 2021کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔صدر مملکت نے کہاکہ کھیلوں کے میدان میں پاکستان کو طویل عرصے سے تعصب کا سامنا ہے ،پاکستان کرکٹ ٹیم نے کورونا وبا کے باوجود انگلینڈ کا دورہ کیا تاہم غیر ملکی ٹیموں نے پاکستان کا دورہ منسوخ کر دیا ۔ وزیراعظم نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں سے درست کہا ہے کہ وہ میدان میں اپنی کارکردگی دکھائیں جو کہ اہم ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی قوم میں صلاحیتیں اور ٹیلنٹ موجود ہے ، قومی ٹیمیں اپنی کارکردگی ، وقار اور عزت نفس برقرار رکھتے ہوئے ملک کے لئے مزید کامیابیاں سمیٹیں۔

 صدر مملکت نے چیمپئن شپ میں جیتنے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ انہوں نے نظم و ضبط اور محنت سے یہ کامیابی حاصل کی ۔یہ کھیل دیانتداری سکھاتا ہے ہمیں کھیل سمیت تمام شعبوں میں دیانتداری کا مظاہرہ کرنا چاہئے ۔انہوں نے کہاکہ گالف کے میدان سرسبز اور شاداب ہوتے ہیں ، انسان کی فطرت ہے کہ وہ سرسبز نظاروں کا متلاشی رہتا ہے ۔ مارگلہ گرین گالف کلب پاکستان کا خوبصورت ترین گالف کلب ہے ۔اس کلب کے تحت شجرکاری بھی کی جاتی ہے ، اس تناظر میں یہ ماحولیات کی بہتری میں اہم کردار ادا کررہاہے ۔ انہوں نے کہاکہ کھیلوں سے جسم چاق و چوبند ہوتا ہے ،گالف مہنگا کھیل ہے لیکن یہ ملک میں مقبولیت حاصل کررہاہے ۔

صدر مملکت نے ایمیچیور ، سینئر ایمیچیور اور خواتین کیٹگریز میں جیتنے والوں میں انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔ کوئٹہ گالف کلب کے میجر سلیم کو ونرٹرافی دی گئی ۔

 اس موقع پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی اور دیگراعلیٰ سول و فوجی شخصیات بھی موجود تھیں ۔  چار روزہ چیف آف نیول سٹاف ایمیچیور گالف کپ ہر سال منعقد کیا جاتا ہے ۔