کینسرسے متعلق آگاہی اور جلد تشخیص سے مرض کے خطرات کم کرنے میں مدد ملے گی؛ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا اجلاس سے خطاب

23

اسلام آباد،14ستمبر  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کینسرسے متعلق آگاہی اور جلد تشخیص کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے کہا ہے کہ  ان اقدامات سے مرض کے خطرات کم کرنے میں مدد ملے گی، پاکستان میں کینسرکے مرض میں اضافہ ہو رہا ہے جس کی روک تھام کے لئے بروقت تشخیص اور علاج معالجہ کی مناسب سہولیات ضروری ہیں۔

 ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو ملک میں کینسر کے کیسز بالخصوص بریسٹ کینسر  بارے بریفنگ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں  چیئرمین کینسر کیئر ہاسپٹل اینڈ ریسرچ سنٹر لاہور پروفیسرڈاکٹرشہریار ، پروفیسر ڈاکٹر اریشہ زمان اور پروفیسرڈاکٹر نبیلہ شامی بھی موجودتھے۔ پروفیسر ڈاکٹر شہریار نے  بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان میں ہر سال تقریباً 3 لاکھ 53ہزار افراد کینسر کے مرض میں مبتلا ہو تے ہیں جن میں سے صرف 71ہزار مریضوں کو مناسب علاج معالجہ  میسر ہے جبکہ دیگر علاج معالجہ کی ناکافی سہولیات کی وجہ سے اس سے محروم رہتے ہیں۔ انہوں نے  کینسر کیئر ہاسپٹل اینڈ ریسرچ سنٹر لاہورکی کامیابیوں کو اجاگرکرتے ہوئے کہا کہ ان کا ادارہ  مریضوں کو بلامعاوضہ علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کرتا ہے۔ صدر مملکت نے  کینسر کیئر ہاسپٹل اینڈ ریسرچ سنٹر لاہورکی جانب سے کینسرکے مریضوں کو بلامعاوضہ علاج معالجہ کی سہولیات کو سراہا۔