گرین ڈپلومیسی کی وجہ سے سعودیہ اور امریکہ کے ساتھ تعلقات مستحکم ہوئے؛ملک امین اسلم

20

اسلام آباد ، یکم  ستمبر (اے پی پی ): وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور ان کا کلین گرین پروگرام دنیا میں پاکستان کی پہچان بن گئے ہیں، پاکستان کی میزبانی میں عالمی یوم ماحولیات 2021 کی کامیابی کو عالمی سطح پر زبردست پزیرائی ملی ہے، ہماری کامیاب گرین سفارتکاری کی بدولت سعودی عرب اور امریکا کے ساتھ ماحولیات کے شعبہ میں تعلقات نئے سرے سے استوار ہوئے ہیں، ٹین بلین ٹری سونامی اور اس سے منسلک دیگر گرین منصوبوں کا نہ صرف عالمی سطح پر اعتراف کیا گیا ہے بلکہ انہیں ماڈل کے طور پر اپنایا بھی جا رہا ہے۔

بدھ کو یہاں موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیات کے تحفظ و بحالی کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے منصوبوں اور کامیابیوں کے بارے میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ملک امین اسلم نے کہا کہ درخت سفارتکاری کا اہم حصہ بن گئے ہیں اور پاکستان کو اس کی گرین ڈپلومیسی میں بڑی کامیابی ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹین بلین ٹری سونامی پراجیکٹ کی وجہ سے سعودی عرب کے ساتھ ہمارے تعلقات نئے سرے سے استوار ہوئے ہیں، اسی طرز کا منصوبہ سعودی عرب نے بھی شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس حوالے سے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ایم او یو پر جلد دستخط ہوں گے جس کے تحت پاکستانیوں کے لئے روزگار کے مواقع کھلیں گے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ سعودی عرب کے ولی عہد نے وزیراعظم عمران خان کو اس منصوبے کی تقریب میں شرکت کی دعوت دی ہے جو اکتوبر میں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیات کے شعبہ میں امریکہ کے ساتھ تعلقات میں بھی پیشرفت ہوئی ہے، اس حوالے سے مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دے دیا گیا ہے جس کے تحت تعاون کو آگے بڑھایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ کامیابیاں اس بات کی عکاسی کرتی ہیں کہ اگلے پانچ سال بھی وزیراعظم عمران خان ہی ہوں گے، ہم اسی جذبے، لگن اور محنت کے ساتھ ملک کو آگے لے کر جائیں گے۔

ملک امین اسلم نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کوششوں سے پاکستان کی نیک نامی میں اضافہ ہوا ہے، پوری دنیا ہماری کامیابیوں کا اعتراف کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اب تعصب کی عینک اتار دے، آگے بڑھے اور روڑے اٹکانے کی بجائے اپنے حصے کا پودا لگا کر پاکستان کی بہتری کی کوششوں میں کردار ادا کرے۔