اسلام آباد،23ستمبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ دوست وہی ہے جو ہر مشکل اور ہر خوشی میں ساتھ ہو ، ہماری سعودی عرب کے ساتھ دوستی کی ایک طویل تاریخ ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو پاک۔سعودی تعلقات اور ماضی، حال اور مستقبل کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوستی کا پہلا معاہدہ 1951ءمیں ہوا، سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی دوستی کی طویل تاریخ ہے، پاکستانی سعودی عرب سے دلی محبت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب ہمسایہ ملک کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں پاکستان نے ایٹمی دھماکے کئے تو اس پر پاکستان کو پابندیوں کا سامنا کرنا پڑا، اس موقع پر دوست ممالک نے پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ سعودی عرب سے پاکستانیوں کی محبت ہمیشہ رہے گی، پاکستانی مزدور سعودی عرب کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور وہ بھاری ترسیلات زر پاکستان بھی بھیجتے ہیں، پاکستانی مزدور اور پروفیشنلز سعودی عرب میں کام کرنے کی دلی خواہش رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے افغان مہاجرین کے معاملہ پر ہماری مدد کی، عالمی سطح پر دونوں ممالک کا تعاون مثالی ہے، مسلم امہ سعودی عرب اور پاکستان کی طرف دیکھتی ہے اور دونوں ممالک کی قیادت دنیا کی قیادت کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔