اسلام آباد۔10ستمبر (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ دنیا کو افغانستان میں نئی حقیقت کو سمجھنے کی ضرورت ہے، عالمی برادری کو افغانستان کی معاونت کیلئے آگے بڑھنا ہو گا ۔ موجودہ صورتحال میں افغانستان کو تنہا چھوڑنے کے مضمرات شدید نوعیت کے ہو سکتے ہیں،ہمیں افغانستان کی طرف سے مثبت رویے کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے، ہمیں بدلتے تقاضوں کے مطابق نئی سوچ کو اپنانا اور مثبت رویوں کو فروغ دینا ہو ،پاکستان، افغانستان کی معاونت جاری رکھے ہوئے ہے، کل، ہمارا ایک جہاز خوراک اور ادویات لے کر کابل پہنچا،ہم اپنے محدود وسائل کے باوجود، ہوائی اور زمینی راستوں سے افغان بھائیوں کی انسانی بنیادوں پر معاونت جاری رکھیں گے۔