لاہور، 06 ستمبر (اے پی پی):سینئر صحافی مجیب الرحمن شامی نے کہا ہے کہ 6ستمبر کا دن ہمیں اپنے غازیوں اور شہیدوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے 1965 میں اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کے سامنے اپنے حوصلے اور خون کی دیوار کھڑی کردی تھی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے پی پی سے خصوصی گفتگو کر تے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے دشمن کے لاہور پر قبضے کے عزائم خاک میں ملا دیئے تھے۔ پاکستان کے قابل فخر بیٹوں، شہیدوں اور غازیوں نے جس طرح پاکستان کی حفاظت کی، تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ 6 ستمبر کو عوام نے پاک فوج کے شانہ بشانہ ہو کر دشمن کے دانت کھٹے کیئے وہ ہماری تاریخ کا ایک سنہرا باب ہے آج بھی ہم جب اس دن کی یاد مناتے ہیں تو ہمیں یہ عہد کرنا چاہیے کہ عوام اور فوج مل کر پاکستان کے ہر دشمن کو شکست دیں گے۔