ضلع کرم میں یوم دفاع پاکستان کے موقع پر تقریبات کا انعقاد، بریگیڈیئر نجف عباس نے شہید میجر گلفام کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی

17

پاراچنار، 06 ستمبر(اے پی پی): ضلع کرم کے صدر مقام پاراچنار سمیت ضلع کرم کے مختلف علاقوں میں یوم دفاع پاکستان کے موقع پر مختلف تقریبات منعقد ہوئیں ۔ علاقہ عالمشیر میں شہید میجر گلفام کی قبر پر پاک آرمی کے چوک و چوبند دستے نے سلامی دی اور 73 بریگیڈ کے کمانڈر بریگیڈیئر نجف عباس اور کمانڈنگ آفیسر کرنل حماد خان نے پھولوں کی چادر چڑھائی ۔

اس موقع پر شہید میجر گلفام کے والد حاجی علی حسین کا کہنا تھا کہ دفاع وطن کیلئے بیٹے کی قربانی پر انہیں فخر ہے ۔

صدہ میں فرنٹیئر کور کی جانب سے منعقدہ تقریب میں کمانڈنٹ کرم ملیشیا کرنل آمین الحق اور 116 ونگ کے کمانڈر کرنل اسماعیل بیگ سمیت دیگر حکام نے شرکت کی ۔ تقریبات میں سکولوں کے بچوں اور قبائلی عمائدین نے بھی شرکت کی اور ملک و قوم کیلئے قربانی دینے والے شہیدوں کو خراج تحسین پیش کیا