احساس ٹارگٹڈ سبسڈی پروگرام کی سٹیئرنگ کمیٹی کا دوسرا  اجلاس منعقد

22

اسلام آباد،29اکتوبر  (اے پی پی): وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت ڈویژن سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر کی زیر  صدارت احساس ٹارگٹڈ سبسڈی پروگرام کی سٹیئرنگ کمیٹی کا دوسرا  اجلاس جمعہ  کو یہاں  منعقد ہوا۔اجلاس میں کمیٹی نے احساس ٹارگٹڈ سبسڈی پروگرام کے ڈیزائن کی منظوری دی۔ سٹیئرنگ کمیٹی کا مقصد احساس ٹارگٹڈ سبسڈی پروگرام کی پالیسی،عملدرآمد اور کارکردگی کا جائزہ لینا ہے۔

اس موقع پر ڈاکٹر ثانیہ کا کہنا تھا کہ جلد آنے والے پروگرام ٹارگٹڈ سبسڈی پروگرام کا مقصد مستحق گھرانوں کو رعایتی قیمتوں پر اشیائے خوردنی کی فراہمی ہے اور پروگرام پرعمدرآمد کیلئے مربوط اور منظم موبائل پوائنٹ آف سیل کا نظام تشکیل دیا گیا ہے۔

اجلاس میں گورنر، ڈپٹی گورنرسٹیٹ بینک، صدر نیشنل بینک، ایم ڈی یوٹیلٹی سٹورز، چئیرمین پاکستان ریونیو آٹومیشن لمیٹڈ نے شرکت کی   جبکہ دیگر شرکاء میں سیکرٹری سماجی تحفظ ڈویژن، سیکرٹری انڈسٹریز اینڈ پروڈکشن،سیکرٹری بی آئی ایس پی، ایڈیشنل سیکرٹری فنانس بھی شامل تھے۔