امن کیلئےبات چیت پریقین رکھتے ہیں، مذاکرات ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ، بلوچ عسکریت پسندوں سے بھی بات کر رہے ہیں ، وزیراعظم عمران خان کا ترک ٹی وی کو انٹرویو

11

اسلام آباد۔2اکتوبر  (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان  نے ہفتہ کو ترک ٹی وی ٹی آر ٹی  کو دیئے گئے  انٹرویو کے دوران کہا کہ امن کیلئےبات چیت پریقین رکھتے ہیں، مذاکرات ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ، بلوچ عسکریت پسندوں سے بھی بات کر رہے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ اب پاکستان میں صورتحال مکمل طور پر مختلف ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ کچھ پاکستانی طالبان گروپ ہماری حکومت سے امن اور مصالحت کیلئے بات چیت کرنا چاہتے ہیں اور ہم ٹی ٹی پی میں کچھ گروپس کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں، ٹی ٹی پی مختلف گروپس پر مشتمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مصالحت کی کوشش کر رہے ہیں۔اس حوالہ سے بات چیت افغانستان میں ہو رہی ہے اور افغان طالبان سہولت  کار کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ اگر ٹی ٹی پی غیر مسلح ہو کر پر امن ہو تو ہم انہیں معاف کر سکتے ہیں۔ حکومت اور ٹی ٹی پی کے درمیان کسی معاہدہ کی توقع پر انہوں نے کہا کہ میں یہ بات دہرانا چاہتا ہوں کہ میں فوجی حل میں یقین نہیں رکھتا، میں فوجی حل کے خلاف ہوں، اس لیے میں سیاستدان کے طور پر اس بات میں یقین رکھتا ہوں کہ سیاسی حل ہی آگے بڑھنے کا راستہ ہے۔ میں افغانستان کے حوالے سے ہمیشہ ایسا ہی سمجھتا رہا ہوں۔ وزیراعظم نے کہا کہ میرے خیال میں حملوں کی یہ لہر وقتی ہے، ہم بات چیت کر رہے ہیں، ہو سکتا ہے کہ ہم کسی نتیجے پر نہ پہنچ سکیں لکین ہم بات چیت کرہے ہیں، ہم بلوچ عسکریت پسندوں کے ساتھ بھی بات چیت کر رہے ہیں اور سیاسی حل کے لیے کوششیں کررہے ہیں۔