اوکاڑہ08اکتوبر(اے پی پی ): ربیع الاول کے آغاز پر ڈی سی علی اعجاز کی قیادت میں شان رحمت العالمینﷺ ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ پاکستان تحریک انصاف کے راہنما چوہدری سلیم صادق ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری طاہر امین ،چیف آفیسر بلدیہ ارحم نذیر، صحافیوں، شہریوں ،عمائدین علاقہ نے شرکت کی۔ ریلی میونسپل کار پوریشن سے شروع ہو کر پریس کلب چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کے شرکاء نے نبی کریم ﷺ پر درود و سلام پیش کر کے ریلی کا آغاز کیا، شرکاء نے تمام راستہ میں با آواز بلند درود شریف اور سلام پڑھا۔
ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد علی اعجاز نے کہا ہے کہ ہادیء برحق آقائے دو جہاں حضرت محمد ﷺ کی غلامی اور پیروی میں ہی فلاح ہے، دنیا اور آخرت کی کامیابی آپﷺ کے اسوہ حسنہ سے اپنی زندگیوں کو روشن کرنے میں ہے ،ہم نے بطور مسلمان پوری دنیا کو حضور اکرم ﷺ کی تعلیمات پہنچانی ہیں، آپ ﷺ نے معاشی، معاشرتی ،سیاسی جدوجہد کے لئے جو رہنما اصول بتائے ہیں ان کو پوری دنیا کے سامنے رکھنا ہیں۔
ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد علی اعجاز نے کہا کہ ربیع الاول کے ان مقدس ایام میں ہمیں حضور اکرم ﷺ سے اپنی محبت ،عقیدت اور الفت کا اظہار اس خوبصورت انداز میں کرنا ہے کہ یہ پیغام پوری دنیا تک جائے کہ ہر مسلمان نبی کریم ﷺ ایک ایک سنت اور ایک ایک ادا کو اپنی جان سے بھی زیادہ قیمتی سمجھتا ہے ۔