اگر سندھ حکومت کے پاس گندم نہیں ہے تو وفاقی حکومت سے مدد مانگی جا سکتی ہے؛ معاون خصوصی محمود مولوی

18

اسلام آباد،8اکتوبر  (اے پی پی):  وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے بحری امور محمود مولوی نے کہا ہے کہ کراچی کے عوام نے پی ٹی آئی کو مینڈیٹ دیا ہے، انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے، سندھ حکومت نے گندم ریلیز نہ کی تو ہم کراچی کے عوام کا مسئلہ حل کریں گے، اگر سندھ حکومت کے پاس گندم نہیں ہے تو وفاقی حکومت سے مدد مانگی جا سکتی ہے۔

 جمعہ وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ میں 12 لاکھ ٹن گندم گوداموں میں پڑی ہے، اگر سندھ حکومت یہ گندم ریلیز کر دے تو مسئلہ حل ہو جائے گا لیکن سندھ حکومت کی طرف سے گندم ریلیز نہ کرنے کی وجہ سے اس کی قیمت 59 روپے  کلو پر آ گئی ہے، وفاقی حکومت کے پاس وافر گندم موجود ہے، ہمیں کراچی کے عوام کی مشکلات کا احساس ہے لیکن ہم مداخلت نہیں کرنا چاہتے کیونکہ پھر سندھ حکومت اٹھارویں ترمیم کا رونا روتی ہے، کراچی کے عوام نے ہمیں مینڈیٹ دیا ہے، ہم انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے اور اگر سندھ حکومت نے اقدامات نہیں کیے تو ہم کراچی کے عوام کا مسئلہ حل کریں گے۔