اوکاڑہ:عشرہ رحمت اللعالمین کے سلسلہ میں ستگھرہ میں مقبرہ میر چاکر خان رند بلوچ کے احاطہ میں محفل میلاد و محفل نعت کا انعقاد

34

اوکاڑہ،19اکتوبر(اے پی پی): صوبائی وزیر جنگلی حیات ، ماہی پر وری و اشتمال اراضی پیر سید صمصام علی شاہ بخاری اور ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے کہا ہے کہ ہمیں اپنی خوش قسمتی پر ناز ہے کہ ہم حضور اکرم ﷺ کے امتی ہیں آپ ﷺ وہ ہستی ہیں جنہوں نے اخلاق ،محبت ،پیار،نظم وضبط ،پاکیزگی،ایفائے عہد ،حق و صداقت اور انصاف کے ابدی اصول ہمیں بتائے ہمیں توحید اور رب کعبہ کی عبادت کے طریقے سکھائے آپ ﷺ کی حیات طیبہ اس کائنات کے لئے رحمت اور نور کا سر چشمہ ہے آپ ﷺ کی آمد سے دنیا میں ایک نے تمد ن کا آغاز ہوا ہے انصاف اور احسان پر مبنی معاشرہ تشکیل پایا اس کائنات میں رحمت و محبت آپ ﷺ کی برکت سے ہے ان خیالات کا اظہارانہوں نے ستگھرہ میں مقبرہ میر چاکر خان رند بلوچ کے احاطہ میں محفل میلاد و محفل نعت کے شرکا ء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ محفل میلاد ﷺ میں تمام سرکاری محکموں کے سربراہان،عمائدین علاقہ اور ٹکٹ ہولڈر چوہدری سلیم صادق، مہرجاوید ،رائے حماد اسلم کھرل ،سماجی کارکنا ن میاں عبد الر شید بوٹی ،رائے احمد حسن ،قمر عباس مغل،  مو لاناعبد المنان عثمانی ، قاری حفیظ اللہ بلوچ ،ڈاکٹر محمد اظہر سمیت سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی ۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد علی اعجازنے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان نے ان مقدس ایام کو عشرہ رحمت اللعالمین کے طور منانے کا اعلان کیا ضلع اوکاڑہ میں اب تک 13سو  سے زائد تقریبات ہو چکی ہیں۔ بعد ازاں ڈسٹرکٹ خطیب قاری سعید عثمانی نے دعائے خیر کروائی اس موقع پر شرکاء محفل میں مٹھائی اور لنگر تقسیم کیا گیا۔