کوئٹہ،05 اکتوبر(اے پی پی):این سی او سی کی ہدایات پر صوبائی دارلحکومت کوئٹہ کے مختلف تعلیمی اداروں میں طلبہ کو کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگانے کا عمل جاری ہے منگل کے روز محکمہ صحت بلوچستان 1122 ریسیکیو ٹیم کی جانب سے گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج شاہراہ گلستان میں 600 طالبات کو کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگائی گئی۔
ایمرجنسی ریسیکیو ٹیم کے سربراہ عبدالقیوم نے” اے پی پی ” کو بتایا کہ ان کی ٹیم 28 ستمبر سے اس ادارے میں طالبات کو روزآنہ کی بنیاد پر ویکسین کررہی ہے،ادارے میں پانچ ہزار طالبات ایسی ہیں جو ویکسین کرانے کی مقررہ عمر کی حامل ہیں اب تک 600 طالبات کو ویکسین کی پہلی ڈوز لگائی گئی ہے جبکہ بیشتر طالبات دیگر مراکز سے بھی ویکسین کرارہی ہیں پندرہ سے اٹھارہ سال تک کی طالبات کو فائزر جبکہ اٹھارہ سال سے زائد عمر کی طالبات کو سائنو وک لگائی جاررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام طالبات کی ویکسین مکمل کرنے تک 1122 کی ٹیم اس ادارے میں موجود رہے گی۔ ڈگری کالج میں نئے ایڈمیشن لینی والی طالبات کو بھی ویکسین لگائی جاررہی ہے اور اب روزآنہ ڈیڑھ سو سے دو سو تک طالبات کو کورونا وائرس سے بچا ؤکی ویکسین لگائی جاررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کالج کی بچیاں باشعور ہیں جو رضامندی سے کوویڈ سے بچا ؤکی ویکسین لگوا رہی ہیں۔