ایوان صدر کی جامع مسجد سے نماز جمعہ اور خطبہ براہ راست نشر؛صدر مملکت ، چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل سمیت ایوان صدر کے حکام و عملہ نے نماز جمعہ ادا کی

44

اسلام آباد،8اکتوبر  (اے پی پی):ایوان صدر کی جامع مسجد سے نماز جمعہ اور خطبہ براہ راست نشر کیا گیا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز اور ایوان صدر کے حکام و عملہ نے نماز جمعہ ادا کی۔

اس موقع پر چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز نے خطبہ دیا۔ انہوں نے اپنے خطبہ میں عبادات کے ساتھ ساتھ روزمرہ کے معاملات میں بہتری کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے رسول اکرم صلی اللہ  علیہ وسلم کی سیرت سے حسن اخلاق، احترام انسانیت اور صلہ رحمی کے پہلوؤں کو اجاگر کیا اور کہا کہ آپ صلی اللہ  علیہ وسلم کا کردار اور شخصیت ہمارے لئے رول ماڈل ہے، ہمیں منبرو و محراب اور میڈیا کے ذریعے ان صفات کو عام کرنے کی ضرورت ہے جنہیں اپنا کر ہمارا معاشرہ بہتری کی جانب گامزن ہو سکتا ہے۔

اس موقع پر ملکی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لئے دعا  بھی کی گئی۔ قبل ازیں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے  اپنے ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ عوام کی رہنمائی کیلئے ایوانِ صدر سے ہر جمعہ کو 15 منٹ کیلئے بہترین مقررین خطبہ دیں گے۔