بورے والا، 08 اکتوبر (اے پی پی ): قدرتی آفات سے بچاؤ کے آگاہی کے قومی دن کے حوالہ سے 8 اکتوبر 2005 کو آنے والے ہولناک زلزلہ اور سانحہ میں جان کی بازی ہارنے والے افراد کے ورثاء سے اظہار ہمدردی اور اس زلزلہ کے دوران امدادی کارروائیوں میں حصہ لینے والے ریسکیو اہلکاروں و دیگر اداروں کے رضاکاران کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے ریسکیو 1122 آفس بورے والا میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریسکیو اینڈ سیفٹی آفیسر عبدالجبار اور سٹیشن انچارج سید شبیر حسین شاہ نے کہا کہ قدرتی آفات اور دیگر سانحات میں اپنی جانوں کی پرواہ نہ کرتے ہوئے دوسروں کی جان بچانے میں اپنا کردار ادا کرنے والے اہلکاران قابل فخر ہیں، ایسے سانحات اور قدرتی آفات کا سامنا کرنے کے لئے ریسکیو اہلکاروں سمیت ہر فرد کو تیار رہنا چاہیئے اور اسکے لئے ابتدائی تربیت کا ہونا بھی لازمی ہے جبکہ اس مقصد کے لئے ریسکیو 1122 عام شہریوں کے لئے مختلف تربیتی سیشن کا اہتمام کرکے انہیں تربیت دے رہا ہے ۔
اس موقع پر عوام کو شعور اور آگاہی دینے کے لئے ریسکیو اہلکاروں نے امدادی کارروائیوں کا عملی مظاہرہ بھی کیا ۔تقریب کے اختتام پر زلزلہ میں جانبحق ہونے والوں کے لئے دعائے مغفرت بھی کی گئی۔