دوبئی ۔23اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے ہفتہ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ
ہم بھارت سے بہتر تعلقات چاہتے ہیں، اگر بھارت سے ہمارے تعلقات بہتر ہوتے ہیں تو پاکستان دو بڑی منڈیوں کے درمیان ہوگا اور ہم وسطی ایشیائی ریاستوں کو ایک اہم کوریڈور دے سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں مسلم کش حکومت برسراقتدار ہے، جب سے نریندر مودی اقتدار میں آئے ہیں انہوں نے اقلیتوں اور مسلمانوں کو نشانہ بنایا، نریندر مودی کے رویئے کی وجہ سے پاکستان اور بھارت کے تعلقات بہتر نہیں ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان بھارت میں مقبول ترین شخصیت ہیں، اگر عمران خان دہلی میں جلسہ کریں تو یہ جلسہ نریندر مودی کے جلسے سے بڑا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ موقع تھا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان تعلقات بہتر ہوسکتے تھے لیکن نریندر مودی کے رویئے کی وجہ سے ان تعلقات میں بہتری نہیں ہوسکی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے عام آدمی کو سوچنا چاہئے کہ ان تعلقات کی بہتری کے کتنے فوائد ہیں، کشمیر کا مسئلہ حل ہو اور کشمیر کو آزادی دی جائے تو اس کا فائدہ پاکستان اور بھارت دونوں کو ہوگا۔