بہاولنگر،08اکتوبر(اے پی پی): ریجنل پولیس آفیسر بہاولپور محمد زبیر دریشک نے ڈی پی او محمد ظفر بزدار کے ہمراہ ڈسٹرکٹ پولیس آفس میں کھلی کچہری لگائی جس میں ضلع بہاولنگر اور ضلع بہاولپور سے آئے سائلین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔آر پی او نے پولیس کے متعلق عوامی شکایات مسائل سنے اور موقع پر ہی ان کے حل کےلئے احکامات جاری کئے۔
آر پی او نے کھلی کچہری کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس سے متعلق عوامی شکایات، مسائل کو حل کرنا میری اولین ترجیح ہے۔کسی شہری کے جائز مسائل حل کرنے میں تاخیر ہرگز برداشت نہیں کرونگا۔انہوں نے کہا کہ عورتوں اور بچوں کو عزت دینا پولیس کے ساتھ ساتھ عوام کا بھی فرض ہے، شہریوں کو ان کے بیچ آکر انصاف دلوانے نکلا ہوں،عوام بلا جھجک میرے پاس آے، میں انکے لیے ہر وقت حاضر ہوں۔
ریجنل پولیس آفیسر بہاولپور محمد زبیر دریشک نے کہا کہ کھلی کچہری کا سلسلہ جاری ہے، کرپٹ افسران اپنا قبلہ درست کر لیں، قابلیت کی بنیاد پوسٹنگ دی جائے گی، ہر کام صرف میرٹ پر ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ایف آئی آر فرسٹ انفارمیشن رپورٹ ہوتی ہے اس لیے اس کے اندراج میں کوتاہی برداشت نہیں کرونگا ۔
کھلی کچہری کے بعد آر پی او بہاولپور نے ایس ڈی او صدر سرکل آفس کی انفارمل انسپکشن کی اور سرکل کا کرائم ریکارڈ چیک کیا۔ اس موقع پر ایس ڈی او صدر سرکل امجد جاوید کمبوہ نے آر پی او بہاولپور کو سرکل کے متعلق بریفنگ دی۔
آر پی او نے ڈی ایس پی آفس میں آئے ہوئے لوگوں سے ان کے مسائل بھی معلوم کئے۔ اس موقع پر ایس پی انویسٹی گیشن فاروق کمیانہ بھی موجود تھے۔