دوبئی ۔23اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے ہفتہ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 14 ماہ کے دوران تعمیرات کے شعبہ میں تقریباً 600 ارب روپے کی سرمایہ کاری ہوئی اور تین لاکھ روزگار کے مواقع پیدا ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے بڑی تعداد میں ترسیلات آئیں، یہی وجہ ہے کہ اس وقت پاکستان کی معیشت اوورسیز پاکستانیوں کی وجہ سے کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب سے عمران خان اقتدار میں آئے ہیں، کابینہ کے ہر اجلاس میں اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل پر بات ہوئی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم نے بیرون ملک معمولی جرائم میں قید 16 سے 20 ہزار قیدیوں کو وطن واپس لایا، کبھی کسی حکومت نے ان قیدیوں کی رہائی کے لئے اقدامات نہیں اٹھائے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستانی پاسپورٹ کی عزت میں اضافہ کیا، آج ہمارے سفارت خانے سمندر پار پاکستانیوں کی سہولت کے لئے ان کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم نے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل پر زور دیا ہے اور ہم انہیں ووٹ کا حق دینے کیلئے بھی پرعزم ہیں۔