جامعہ کراچی میں کشمیری عوام سے اظہاریکجہتی کے لئے امن واک  کا  اہتمام

9

کراچی،27اکتوبر) اے پی پی(:جامعہ کراچی میں بھارت کے غیرقانونی زیر تسلط جموں وکشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے یوم سیاہ منایا گیا۔ اس موقع پرآفس آف ریسرچ انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن جامعہ کراچی اور شعبہ پریس انفارمیشن حکومت پاکستان کے اشتراک سے آرٹس لابی سے لے کر آزادی چوک تک امن واک کا انعقاد کیا گیا جس میں جامعہ کراچی کے اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

27اکتوبر 1947 کو بھارتی مسلح افواج کے جبری غیرقانونی قبضے کے خلاف ہر سال کشمیری عوام 27 اکتوبر کو یوم سیاہ مناتے ہیں اور ملکی و بین الاقوامی سطح پر لوگ کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں ۔اس موقع پر وائس چانسلر جامعہ کراچی ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ طلبہ اور اساتذہ کشمیر ی عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے یہاں جمع ہوئے ہیں ، ہم کشمیری ماﺅں اور بہنوں کو خراج تحسین پیش کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کا معاملہ انسانی حقوق کا معاملہ ہے جسے اقوام متحدہ سمیت ہر فورم پر اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔

وائس چانسلر جامعہ کراچی نے کہا کہ آج کی واک اس بات کی گواہی ہے کہ جامعہ کراچی کے اساتذہ اور طلبہ اپنے کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ حکومت پاکستان کی ڈائریکٹر جنرل ارم تنویر نے کہا کہ حکومت نے ہر فورم پر مسئلہ کشمیر کو اجاگرکیا ہے ، کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کسی بھی طورپر قابل قبول نہیں ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ اقوام عالم کو مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ۔ ڈائریکٹر ریسرچ انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن جامعہ کراچی ڈاکٹر عالیہ رحمن نے کہا کہ یوم سیاہ کے موقع پر امن ریلی کی کاوش قابل ستائش ہے۔ریلی کے شرکا نے کشمیریوں کے حق میں نعرے بھی لگائے۔امن واک میں رجسٹرار جامعہ کراچی ڈاکٹر عبدالوحید سمیت مختلف شعبہ جات کے اساتذہ بھی شریک ہوئے۔

 علاوہ ازیں یوم سیاہ کشمیر کے حوالے سے اسکول کے طلبہ نے بھی شہر کے مختلف علاقوں میں کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے ریلیاں نکالی ۔ اس موقع پر طلبہ نے کشمیر کے حق اور بھارت کے مظالم کے خلاف بھی نعرے لگائے ۔