حکومت پاکستان اور تحریک لبیک کے مابین اتفاق رائے سے معاہدہ طے پا گیا

18

اسلام آباد، 31اکتوبر(اے پی پی ):حکومت اور تحریک لبیک کے مابین اتفاق رائے سے معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے مثبت نتائج آئندہ ایک ہفتے تک سامنے آ جائیں گے،  حکومت نے اس حوالہ سے تین رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے ۔

اتوار کو مفتی منیب الرحمان  نے وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی   ،سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر ، وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان کے ہمراہ   پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا   کہ وہ میڈیاکے شکر گزار ہیں جنہوں نے کار خیر کے فروغ کیلئے پوری قوم اور معاملات کو مثبت رنگ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے انتہائی سنجیدہ تین افراد پر مشتمل کمیٹی قائم کی گئی ہے ۔کمیٹی  میں حکومت کی جانب سے  وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان جیکہ تحریک لبیک کی جانب سے مفتی عمیر ، علامہ غلام عباس اور حافظ حفیظ شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا شکر گزار ہوں جنہوں نے اس کو اختیار اور  کمیٹی پر اعتماد کیا ، انہوں نے سنجیدگی سے مسئلہ کو حل کرنے کیلئے تعمیر ی کردار ادا کیا۔  اسی طرح تحریک لبیک کی جانب سے کمیٹی کو حافظ سعد حسین رضوی کی حمایت حاصل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قوم سے گزارش کرنا چاہتا ہوں کہ پاکستان اسلام اور حب الوطنی کو مد نظر رکھتے ہوئے انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنائے ۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات تنائو کے ماحول میں نہیں سنجید ، ذمہ دارانہ اور آزادانہ طور پر ہوئے۔ تنائو کی  فضاء میں جذبات کو قابو میں رکھنا خوش آئند  ہے ، تمام فریقین نے جوش کی بجائے ہوش سے کام لیا اور حکمت و بصیرت کا مظاہرہ کیا ۔

مفتی منیب الرحمٰن نے کہا کہ حکومت اور تحریک لبیک میں  تفصیلی مذاکرات کے بعد معاہدہ طے پا چکا ہے۔ معاہدے کی تفصیلات مناسب وقت پر سامنے آئیں گی۔ فریقین کے مابین معاہدہ ملک  کے  بہترین مفاد  میں کیا تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہو  ۔ انہوں نے کہا کہ تنائو کی فضاء میں جوش کا ہوش غالب آنا خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ 12سے 13گھنٹے کی مسلسل کاوش کی وجہ سے مذاکرات کامیاب ہوئے ، مذاکرات کیلئے ہم نے محنت کی۔ آئندہ ہفتے معاہدے کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے ۔ معاہدے کے نتیجہ میں ایک اسٹرینگ کمیٹی بنادی گئی  ہے ، کمیٹی کی سربراہی وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان کریں گے ، کمیٹی آج سے ہی کام شروع کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ معاہدہ آزادانہ اور ذمہ دارانہ ماحول میں ہوا ۔ انہوں نے میڈیا سے درخواست کی کہ وہ ملک و ملت کی خاطر مثبت پہلوئوں کو سامنے لانے کی کوشش کرے ۔