حکومت پیٹرول پر ٹیکس 30 روپے سے کم کر کے 5 روپے کر رہی ہے؛ ڈاکٹر شہباز گل

22

فیصل آباد،03اکتوبر(اے پی پی ):وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ موجودہ حکومت میں  کسان  کے لیے آسانی فراہم کی گئی ہے، حکومت  پیٹرول پر ٹیکس 30 روپے سے کم کر کے 5 روپے کر رہی ہے۔

اتوار کی سہ پہرچک نمبر89 ج ب رتنا فیصل آباد میں مختلف ترقیاتی کاموں کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ حکومت کسانوں کو کارڈز جاری کررہی ہے جس کے ذریعے انہیں براہ راست سبسڈی ملے گی اور اس میں کوئی مڈل مین کرپشن نہیں کرسکے گا۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی کا دارومدار طلب اور رسد پر ہے کیونکہ ہماری طلب زیادہ اور رسد کم ہے نیز یہاں پر سٹوریج سسٹم بھی ٹھیک نہیں جس کے باعث بڑی مقدار میں سبزیاں اور پھل ضائع ہوجاتے ہیں اسلئے ہم سٹوریج سسٹم اور سپلائی چین میں بہتری لارہے ہیں تاکہ ان کی قیمتوں پر کنٹرول اور ڈیمانڈ کے مطابق سپلائی یقینی بنائی جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں تیل اور پٹرول بہت مہنگا ہوا ہے جس کے باعث ہمیں بھی مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ جب مہنگا پٹرول ملے گا تو اسے سستا بیچنا ممکن نہیں مگر پھر بھی ہم نے پٹرول پر سیلز ٹیکس اور پٹرولیم لیوی میں کمی کی ہے جس کی وجہ سے عوام پر بہت کم بوجھ پاس آن کیا گیا ہے۔