خیبرپختونخوا حکومت الیکشن کمیشن کے ساتھ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی مکمل یقین دہانی کراتی ہے؛صوبائی وزیر  کامران بنگش

14

پشاور،21 اکتوبر(اے پی پی): خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات وتعلقات عامہ و اعلیٰ تعلیم کامران بنگش نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت الیکشن کمیشن کے ساتھ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی مکمل یقین دہانی کراتی ہے۔ لوکل کونسل انتخابات کے حوالے سے تین صفحات پر مشتمل مراسلہ خیبرپختونخوا الیکشن کمیشن کو بھیج دیا گیا ہے۔ صوبائی حکومت آئین کے آرٹیکل 140A  کے تحت صوبے میں لوکل کو نسل انتخابات منعقد کروانا چاہتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اطلاعات سیل پشاور میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے اہم پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔ معاون خصوصی نے کہا کہ صوبائی حکومت نے دو مرحلوں میں انتخابات کروانے کی تجویز پیش کی ہے، جسکے مطابق پہلے مرحلے میں 15 دسمبر 2021ء کو ولیج کونسل اور نیبرہوڈ کونسل کے انتخابات کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ دوسرے مرحلے میں 25 مارچ 2022ء کو تحصیل کونسل کے انتخابات کا انعقاد کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پورے صوبے میں 4,201 ولیج کونسل اور نیبر ہوڈ کونسل کی سطح پر الیکشن کروائے جائیں گے اور ہر نیبرہوڈ اور ویلیج کونسل میں سے آٹھ ممبران پر مشتمل کونسل بنایا جائے گا۔

کامران بنگش نے کہا کہ پچھلے ٹرم کے اختتام سے ہی صوبائی حکومت نے انتخابات کے انعقاد کیلئے اپنی تیاری شروع کر رکھی تھی اسلئے اب خیبر پختونخواہ حکومت انتخابات کے انعقاد کیلئے مالی اور لاجسٹک طور پر مکمل تیار ہے۔ انہوں نے عوام سے درخواست کی کہ وہ ان  انتخابات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔