دس کروڑ سے زیادہ ویکسینیشن مکمل، جنہوں نے ابھی تک ویکسین نہیں لگوائی وہ اپنی ،اپنے معاشرے اوراپنے پیاروں کی حفاظت کےلئے جلد ویکسین لگوائیں؛ اسد عمر کا ویڈیو پیغام

11

اسلام آباد،23اکتوبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات وخصوصی اقدامات اور نیشنل کمانڈ این آپریشنل سنٹر(این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر نے کہا ہے کہ آج مجھے خوشی ہے کہ دس کروڑ سے زیادہ ویکسینیشن مکمل کرلی گئی ہے اور ویکسینیشن کا عمل جاری ہے، اگرہم چاہتے ہیں کہ کورونا کی پانچویں لہر پاکستان میں نہ آئے تو اس کےلئے جنہوں نے ابھی تک ویکسین نہیں لگوائی وہ اپنی اوراپنے معاشرے اوراپنے پیاروں کی حفاظت کےلئے جلد ویکسین لگوائیں ۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو دس کروڑ سے زیادہ ویکسینیشن مکمل ہونے کے موقع پر اپنے ویڈیو پیغام  میں کیا۔ اسد عمر نے کہا کہ دس کروڑ سے زیادہ ویکسینیشن مکمل کرلی گئی ہے، دس کروڑ ویکسین چھ کروڑ اسی لاکھ سے زائد پاکستانیوں کو لگائی گئی ہے جس میں سے تین کروڑ اسی لاکھ سے زیادہ مکمل طور پر ویکسین کراچکے ہیں اور تین کروڑ کو کم سے کم ایک ویکسین کی خوراک لگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اچھی خبر ہے کہ ایک بڑی تعداد میں پاکستانیوں نے ویکسین کرائی ہے اور ویکسینیشن کا عمل ابھی جاری ہے۔

 اسد عمر نے کہا کہ لیکن ابھی مزید بہت کام باقی ہے اور جیسا کہ میں نے اپنی ٹویٹ میں آج سے دو تین دن پہلے بھی کہاتھا کہ اگرہم چاہتے ہیں کہ کورونا کی پانچویں لہر پاکستان میں نہ آئے تو اس کےلئے بہت ضروری ہے کہ ہم جلد سے جلد تمام لوگ اپنی ویکسینیشن کرائیں اورخاص طور پر اس بات کا ضرور خیال رہے کہ جب آپ پہلی خوراک لگاتے ہیں یاایک سنگل ڈوز لگائی جاتی ہے تو اس سے آپ محدود محفوظ ہوجاتے ہیں اور اصل مکمل حفاظت کےلئے دوسری ڈوز لگوانا بہت ضروری ہے۔

وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ وہ تین کروڑ پاکستانی جنہوں نے ایک ڈوز لگوائی ہوئی ہے اور ابھی تک اپنی دوسری ڈوز کےلئے نہیں آئے تو ان سے خصوصی طور پر اپیل کروں گا کہ وہ جلد سے جلد دوسری ڈوز لگوا کر اپنی ویکسینیشن مکمل کرائیں اورباقی پاکستانی جنہوں نے ابھی تک یہ ویکسین نہیں لگوائی آپ ، اپنے معاشرے اوراپنے پیارو ں کی حفاظت کےلئے یہ ویکسین ضرور لگوائیں۔