دوبئی ایکسپو کے ذریعے پنجاب کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقعوں کو اجاگر کیا جائے گا:میاں اسلم اقبال

29

لاہور 4 اکتوبر(اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے دوبئی ایکسپو کے حوالے سے سٹیئرنگ کمیٹی کے پانچویں اجلاس کی صدارت کی۔سول سیکرٹریٹ میں منعقدہ اجلاس میں دوبئی ایکسپو میں پنجاب حکومت کی شرکت کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی اور سٹیئرنگ کمیٹی نے دوبئی ایکسپو میں شرکت کے حوالے سے انتظامی اور مالیاتی اقدامات کے علاوہ اجلاس میں اطلاعات و ثقافت، منصوبہ بندی و ترقیات اور پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے ممبران پر مشتمل کلچرل سب کمیٹی کی تشکیل کی بھی منظوری دی گئی۔ اس موقع پر سی ای او پنجاب سرمایہ کاری بورڈ ڈاکٹر ارفع اقبال نے دوبئی ایکسپو میں مختلف محکموں کی شرکت کی تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ دوبئی ایکسپو میں 21نومبر کو انٹرنیشنل بزنس کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار اعثمان بزدار بزنس کانفرنس کے مہمان خصوصی ہوں گے، صوبائی وزراء،اراکین اسمبلی،انتظامی سیکرٹریز، پاکستان کے علاوہ دنیا کے دیگر ممالک سے سرمایہ کار بزنس کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے کہا کہ  دوبئی ایکسپو سے پنجاب میں نئی سرمایہ کاری کی راہیں کھلیں گی، ایونٹ کو نتیجہ خیز بنانے کے لئے محنت اور لگن سے کام کیا جائے، دوبئی ایکسپو کے ذریعے پنجاب کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقعوں کو اجاگر کیا جائے گا۔