اسلام آباد۔18اکتوبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے پی این سی اے میں وزارت مذہبی امور کے زیر اہتمام عشرہ رحمت العالمین کے سلسلے میں منعقدہ محفل نعت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کو نصاب تعلیم کا حصہ بنانا حکومت کی کامیابی ہے۔ ہمارے لئے سب سے مقدم دین اسلام اور سرکار دوعالمﷺکی ذات گرامی ہے ہماری موجودگی میں اسمبلی سے کوئی قانون تو دور کی بات ہے دین کے خلاف ایک لفظ بھی منظور نہیں ہوسکتا ۔ اسلام اور خاتم النبینﷺ کی حرمت اور حفاظت کے لئے جان بھی دینا پڑی تو گریز نہیں کریں گے
سپیکر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پہلے پانچ سال تک ہماری خیبرپختونخوا میں حکومت رہی ہمارے پاس کوئی تجربہ نہیں تھا مگر ہماری خواہش تھی کہ ہم دین اسلام کے لیے کچھ کر گزریں اس لیے ہم نے پرائیویٹ کاروبار میں سود کے لین دین کے خلاف بل منظور کیا جسے قومی اسمبلی سے بھی منظور کرائیں گے ۔ اور حضور محمد ﷺکی سیرت کو نصاب میں شامل کیا۔ ہم نے دسویں تک ناظرہ اور انٹر تک قرآن مجید کی باترجمعہ تعلیم لازمی قرار دی ۔ قومی اسمبلی میں تلاوت کے بعد حدیث مبارکہ کا آغاز کیا ۔ انہوں نے کہا کہ میری عمران خان کے ساتھ 25 سالہ رفاقت ہے اور وہ ایک سچا عاشق رسول ؐہے ۔ ہم بہت گناہ گار لوگ ہیں مگر اپنے دین اور نبی پاک ﷺکی حرمت کے خلاف ایک لفظ بھی برداشت نہیں کر سکتے ۔ ہم نے قومی اسمبلی سے ﷺکے نام کے ساتھ خاتم النبیین ؐلازمی لکھنے کی قرارداد منظور کی ۔ انہوں نے کہا کہ اگر موقع آیا تو اپنے دین اور نبی پاک ﷺکی حرمت پر جان دینے سے بھی گریز نہیں کریں گے ۔ کیونکہ ہم سرکار دوعالم ﷺکی شان میں کسی بھی قیمت پر گستاخی برداشت نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری موجودگی میں اسمبلی سے اسلام کے خلاف کوئی قانون تو دور کی بات ہے ایک لفظ بھی منظور نہیں ہو سکتا ۔ دین اور اسلام سب سے پہلے ہے اس کے بعد سیاست ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں عشرہ رحمت العالمین پورے عقیدت سے منایا جا رہا ہے۔ آج اس محفل میں شریک ہوا تاکہ ثواب میں شامل ہوسکوں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی زندگیوں کو نبی پاکﷺکے اسوہ حسنہ کے مطابق ڈھالنا ہونگی۔