سکھر،04اکتوبر(اے پی پی): یپکو کا بجلی چوروں کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری، سب ڈویژن تین کے عملے کی متعلقہ سب ڈویژن کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں، سیکڑوں غیر قانونی کنڈا کنکشن سمیت واجبات کی عدم ادائیگی پر بھی کنکشن منقطع کر دیئے، ہزاروں میٹر ضبط شدہ تار نذر آتش، 7افراد کے خلاف مقدمات درج، سیپکو افسران کا کہنا ہے کہ صارفین کو واجبات کی جلد ادائیگی کی ہدایات کی گئی ہے۔
سکھر الیکڑک پاور سپلائی کمپنی( سیپکو ) نے بجلی چوروں کے خلاف ڈانڈااٹھا لیا ہے اورشہر کے مختلف علاقوں میں گرینڈآپریشن شروع کر دیا ہے،سیپکو سب ڈویژن تین کے عملے کی بھار ی نفری نے سیپکو چیف، ایس ای سیپکو اور ایکسئین کی خصوصی ہدایات پر ایل ایس ون کی نگرانی میں متعلقہ سب ڈویژن کے مختلف علاقوں بھوسہ لائن، نیوپنڈ، مائیکرو ٹاور، پیرمراد شاہ کالونی و دیگر علاقوں میں آپریشن کرتے ہوئے سیکڑوں غیر قانونی کنڈا کنکشن سمیت واجبات کی عدم ادائیگی پر بھی کئی صارفین کے کنکشن منقطع کر دیئے۔
غیر قانونی کنڈوں میں استعمال ہونے والی ہزاروں میٹر تار ضبط کر کے انہیں نذر آتش کر دیا گیا، آپریشن کے دوران غیر قانونی بجلی چوری میں ملوث 7سے زائد افراد پر مقدمات بھی درج کرائے گئے۔
آپریشن کے حوالے سے متعلقہ سب ڈویژن کے عملے کا کہنا تھا کہ یہ آپریشن سیپکو چیف کی ہدایات پر کیا جا رہا ہے اور کسی کو بھی بجلی چوری کی اجازت نہیں دی جائیگی اگر کوئی بھی صارف یا عملہ بجلی چوری میں ملوث پایا گیا تو اسکے خلاف محکمہ جاتی اور قانونی کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔