خیرپور؛ ضلع بھر میں مویشیوں کو مختلف بیماریوں سے محفوظ بنانے کے لئے ویکسینیشن مہم شروع کی جائے ، ڈپٹی کمشنر

23

خیرپور،04 اکتوبر(اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر راجہ طارق چانڈیو نے کہا ہے کہ ضلع بھر میں مویشیوں کو مختلف بیماریوں سے بچاو ٔ کے ٹیکے لگانے والی مہم کا آغاز کیا جائے اس سلسلے میں ویٹنری ڈاکٹرز کی ٹیمیں تشکیل دیکر دیہاتی علاقوں پر خصوصی توجہ دی جائے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر کے دربار ہال میں محکمہ لائیو اسٹاک کے افسران سے  ویکسینیشن مہم کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔

اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو اسٹاک اینیمل ہسبنڈری ڈاکٹر غلام علی جوگی سمیت ویٹنری ڈاکٹرز نے شرکت کی اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ خیرپور کے دیہاتی لوگوں کا گذر بسرمویشیوں پر ہے اس لئے ضلع بھر میں مویشیوں کو مختلف بیماریوں سے محفوظ بنانے کے لئے ویکسینیشن مہم شروع کی جائے جبکہ خیرپور، گمبٹ، کنگری اور سوبھودیرو کے کچے کے علاقوں سمیت تحصیل نارا کے ریگستانی علاقوں پر خصوصی توجہ دی جائے۔

 اس موقع پر انہوں نے ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو اسٹاک کو ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ ویکسینیشن مہم کے دوران ویکسین کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے جبکہ لوگوں میں مویشیوں کی بیماریوں کے متعلق آگہی فراہم کرنے کے لئے سیمینار منعقد کروائے جائیں۔