سکھر: سندھ ہائی کورٹ نے ریلوے حکام سے 2دن کے اندر انٹرویو پاس امیدواروں کی نوکریوں سے متعلق جواب طلب کرلیا

13

سکھر،27اکتوبر (اے پی پی ): سندھ ہائی کورٹ ڈویژن بنچ سکھر نے ریلوے حکام سے دو دن کے اندر نوکریوں سے متعلق جواب طلب کر لیا ہے۔ سندھ ہائی کورٹ سکھر میں محکمہ ریلوے میں نوکریوں کے لے انٹرویو پاس امیدواروں کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

ڈی ایس ریلوے سکھر شعیب عادل عدالت میں پیش ہوئے ،دوران سماعت درخواست گزار نے کہا کہ میڈیکل کے باوجود چھ سو امیدواروں کو جوائننگ نہیں دی جا رہی ہے، پنجاب اور کے پی کے میں ملازمین کو جوائننگ دی گئی ہے۔

 سماعت کے دوران جواب داخل نہ کرانے پر عدالت نے ریلوے افسران پر برہمی کا اظہار کیا۔ جسٹس محمد جنید غفار نے ریمارکس میں کہا کہ میڈیکل کے بعد جوائننگ نہ دینے کا کیا جواز ہے،لاہور چھ گھنٹے کا سفر ہے اور افسران ایک سال تک جواب دائر نہیں کرسکے۔

انہوں نے کہا کہ  دو دن کی مہلت دیتے ہیں پالیسی جواب دائر کریں، اگر آئندہ سماعت تک جواب دائر نہیں کیا تو عدالت فیصلہ سنادے گی۔