سکھر،27اکتوبر(اے پی پی ):کشمیر پر جاری بھارتی تسلط کیخلاف دنیا بھر کی طرح سکھر میں بھی یوم سیاہ منایا جارہا ہے، اس حوالے سے کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالی گئی۔ ریلی میونسپل اسٹیڈیم، مینارہ روڈ اور پریس کلب پر پہنچ کر احتجاجی مظاہرے میں تبدیل ہوگئی، ریلی کے شرکاءنے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پرمختلف نعرے درج تھے۔ریلی میں مختلف سرکاری اور غیر سرکاری افسران، سول سوسائٹی، وکلاء ، اسکولوں اور کالجوں کے طلبہ ، اساتذہ ، شہری، انجمن تاجران، نجی تنظیموں کے نمائندوں سمیت زندگی کے ہر شعبہ سے وابستہ افراد شرکت کی۔
اس موقع پر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ کشمیر پاکستان کا حصہ ضرور بنے گا ، بھارت نے ظلم و جبر کی انتہا کردی ہے لیکن وہ کشمیریوں کے جدوجہد آزادی کے جذبے کو کم نہیں کرسکا ہے اور اب وہ وقت دور نہیں جب بھارت کا غاصبانہ قبضہ کشمیر پر سے ختم ہوگا اور کشمیریوںکو ان کا حق خود ارادیت ملے گا ۔