سیکرٹری کوآپریٹو پنجاب احمد رضا سرور کا دورہ چنیوٹ،کورونا ویکسینیشن موبائل ٹیموں کی ورکنگ کا جائزہ لیا

54

چنیوٹ،29 اکتوبر( اے پی پی  ): سیکرٹری کوآپریٹو پنجاب احمد رضا سرور نے چنیوٹ کا دورہ  کیا اور ڈپٹی کمشنر سید محمد مسعود نعمان کے ہمراہ کورونا ویکسینیشن موبائل ٹیموں کی ورکنگ کا جائزہ لیا ۔

 اس موقع پر سی او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق بشیر عاکف، ڈی ایچ او ڈاکٹر شہزاد خلیل، ڈپٹی ڈی او ہیلتھ سمیت و دیگر ہیلتھ افسران بھی ہمراہ تھے۔

 سی او ہیلتھ نے سیکرٹری کو آپریٹو پنجاب کو ویکسینیشن بار ے بریفنگ دی،ڈپٹی کمشنر سید محمد مسعود نعمان نے سیکرٹری کوآپریوٹیو پنجاب کو بتایا کہ محکمہ ہیلتھ کی ٹیمیں کورونا ویکسین لگانے کیلئے مختلف علاقوں میں روزانہ کی بنیاد پر ورکنگ کر رہی ہیں اور علاقہ کے نمبردار کی موجودگی میں لوگوں کو کورونا ویکسین لگا رہی ہیں تاکہ جلد سے جلد ہر شخص کو ویکسینیٹ کر کے اسے کورونا وائرس سے محفوظ بنایا جا سکے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مختلف عوامی مقامات پر پر کورونا موبائل ویکسینیشن کیمپ کے ذریعے بھی شہریوں کو ویکسین لگانے کا عمل جاری ہے۔

سیکرٹری کوآپریٹیو پنجاب تحصیل چنیوٹ کے مختلف علاقوں گئے اورمحکمہ ہیلتھ کی کورونا ویکسینیشن موبائل ٹیموں کی ورکنگ اور لوگوں کو ویکسینیٹ کرنے کے عمل کا جائزہ لیا۔ انہوں نے وہاں موجود علاقہ کے لوگوں سے بھی ملاقات کی اور انہیں حفاظتی ویکسین بارے آگاہی دی۔

 اس موقع پر سیکرٹری کوآپریٹو پنجاب احمد رضا سرور کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کورونا ویکسینیشن مہم (RED) Reach every door کے تحت گھر گھر جا کر ویکسینیشن کر رہی ہے،ویکسینیشن مہم کو کامیاب بنانے کیلئے بھرپور کوشش کی جا رہی ہے۔