شہریوں کو آمدورفت کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کیلئے لاہور میٹروبس کیلئے 64 نئی اور جدید بسوں کی سروس کا آغاز کیاہے: وزیراعلیٰ پنجاب

13

لاہور 4 اکتوبر(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے  لاہور میں میٹرو بس ڈپو پر 64 نئی میٹرو بسیں پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے حوالے کرنے کی تقریب سے خطاب کیا۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ لاہور اور لاہور کے شہری ہمارے لئے خاص اہمیت رکھتے ہیں، میں اورمیری ٹیم لاہور کے مسائل اور ضروریات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے ہمہ وقت کوشاں ہیں، ٹریفک لاہور کا بہت بڑا مسئلہ ہے اور ان مسائل کو حل کرنے کے لئے انڈر پاس اور اوورہیڈبرج بنانے کے ساتھ ساتھ ٹرانسپورٹ کے نظام کو بہتر بنانے پر بھی توجہ دی جا رہی ہے، شہریوں کو آمدورفت کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کیلئے لاہور میٹروبس کیلئے 64 نئی اور جدید بسوں کی سروس کا آغاز کیا ہے یہ پہلے سے زیادہ مسافروں کی گنجائش رکھنے والی 18میٹر طویل یہ بس عوام کے لئے بہترین ٹرانسپورٹ ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ نئی بسوں سے لاہور ماس ٹرانزٹ اتھارٹی سوا لاکھ مسافروں کوروزانہ سفر کی بہترین سہولتیں فراہم کرسکے گی، تحریک انصاف نے شفافیت کی روایت کو آگے بڑھاتے ہوئے دیگر منصوبوں کی طرح اس منصوبے میں سرکاری وسائل بچائے ہیں، شفافیت سے Vedaکے ساتھ کنٹریکٹ کر کے  مجموعی طورپر 2ارب روپے سے زائد کی بچت کی، میٹرو بس کاپرانا معاہدہ ایک غیر ملکی کمپنی کے ساتھ کیا گیا جبکہ موجودہ ایگریمنٹ پاکستانی کمپنی کے ساتھ کیا گیاہے اور اس معاہدے سے نہ صرف قیمتی زرمبادلہ بچے گا بلکہ مقامی کمپنیاں ترقی کریں گی۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کہ سابقہ دور میں اورنج لائن میٹروٹرین کامنصوبہ شروع کیاگیا ہم نے سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے وسیع تر قومی مفاد اور انٹرنیشنل کمٹمنٹ کے پیش نظر اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچایا، اورنج لائن میٹرو ٹرین کو فنکشنل بھی کیا اوراس کا کرایہ بھی 40روپے تک محدود رکھا، اس منصوبے کیلئے سالانہ تقریباً 6.3ارب روپے سبسڈی بھی دے رہے ہیں، مالی مشکلات کے باوجود ان منصوبوں کو جاری رکھا، ماضی میں فیڈر بسوں میں مسافر نہ ہونے کے برابر تھے، ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے عزم کے تحت لاہور میں الیکٹرک بسیں چلانے کا پراجیکٹ بھی لارہے ہیں،پنجاب کے بڑے شہروں میں بھی نئی ماحول دوست بسیں شروع کی جائیں گی، کرایہ وصولی سسٹم سے لاہور کی فیڈر بسوں میں مسافروں کی تعداد میں 100فیصد اور ملتان فیڈر بس سروس میں 26فیصداضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب وہیکل انسپکشن اینڈ سرٹیفکیشن سسٹم کا نفاذ ماحولیاتی آلودگی اور ٹریفک حادثات میں کمی کے لئے بہت اہمیت رکھتا ہے، 27اضلاع میں وہیکل انسپکشن اینڈ سرٹیفکیشن سنٹرزقائم کئے جا چکے ہیں ان سنٹرز کا دائرہ کار پورے پنجاب تک وسیع کیاجائے گا، کورونا کے باعث حکومت نے  VICS کے جاری کردہ فٹنس سرٹیفکیٹس میں 6ماہ کی توسیع کی، پنجاب کے 9اضلاع میں ایکسل لوڈ مینجمنٹ سسٹم اس سال کے آخر تک لا یا جا رہاہے اس سسٹم سے سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ میں کمی آئے گی اور تعمیر ومرمت کے ا خراجات بھی بچائے جاسکیں گے۔