لاہور،29اکتوبر(اے پی پی): صوبائی وزیر زراعت سید حسین جہانیاں گردیزی سے امریکی قونصلیٹ کی پولٹیکل اینڈاکنامک چیف کتھلین گبلسیکو نے جمعہ کو یہاں ملاقات کی ، ملاقات میں زراعت کے شعبہ میں باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر زراعت نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکی سرمایہ کاروں کیلئے صوبے میں زراعت اور لائیو سٹاک کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ بات خوش آئندہ ہے کہ صوبہ پنجاب میں زرعی اصلاحات کے دور رس نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔
سید حسین جہانیاں گردیزی نے کہا کہ زرعی پیدا وار میں اضافے سے ملکی معیشت مضبو ط ہو گی،اس مقصد کیلئے حکومت ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کر رہی ہے۔
کتھلین گبلسیکونے کہا کہ امریکی کمپنیاں پنجاب میں زرعی سیکٹر اور فوڈ پراڈکٹس میں سرمایہ کاری کی خواہشمند ہیں۔