عارف والا؛جشن عید میلاد النبیؐ کے سلسلہ میں جلوس،عاشقان رسولؐ کی کثیر تعداد میں شرکت

23

 

عارف والا، 19 اکتوبر(اے پی پی):عارفوالا جشن عید میلاد النبی صلیٰ اللّٰہ علیہ وسلم کا مرکزی جلوس جامع مسجد غلہ منڈی عارفوالا سے زیر قیادت جماعت اہلسنت پنجاب کے صوبائی امیر پیر سید خلیل الرحمان بخاری نکالا گیا۔جلوس میں ہزاروں عاشقان رسولؐ نے ہاتھوں میں سبز پرچم اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر آمد مصطفٰےؐ کے تحریریں درج تھیں۔جلوس میں چیئرمین سید ہادی حسین زیدی ،وائس چیئرمین چوہدری افضل نعیم ،جماعت اہلسنت کے سٹی عارفوالا کے صدر صوفی عبدالرشید ، کرامت علی شاہ ٹیچر ، سید محمد احمد بخاری ، بزم ذکر حبیب کے جنرل سیکرٹری رائے خادم حسین کھرل،چوہدری ظہیر اسلم گجر سمیت عاشقان رسولؐ کی کثیر تعداد نے شرکت کی جبکہ نقابت کے فرائض لطیف الرحمان نے سرانجام دئیے۔

جلوس میں عاشقان رسولؐ نے پیدل، موٹرسائیکل اور ٹریکٹر ٹرالیوں کے ذریعے شرکت کی،جلوس میں درود و سلام کی صدائیں گونجنے سے فضاء معطر ہوگئی،جلوس مختلف راستوں سے گزر کر جناح چوک پہنچا جہاں پر ملک کے نامور مقرر ،مفتی آصف اقبال رضوی اور بلدیہ چوک میں قاری محمد بشیر  نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرکار مدینہ صلٰی اللّٰہ علیہ وسلم کی حیات مبارکہ ہمارے لئے بہترین نمونہ ہے،آپؐ کی آمد سے دنیا میں ظلم و ستم کے بادل چھٹ گئے اور اسلام کا جھنڈا بلند ہو گیا نبی اکرم نور مجسمؐ کے بتائے ہوئے احکامات پر عمل کرکے دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے۔

جلوس میں ملکی سلامتی اور امن کے لئے دعا کی گئی۔جلوس  کے ہمراہ پولیس کی نفری بھی جگہ جگہ تعینات کی گئی تھی جلوس واپس جامع مسجد میں پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا