اٹک، 09 اکتوبر (اے پی پی ):ممبر قومی اسمبلی میجر (ر) طاہر صادق نے کہا ہے کہ عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر کام جاری ہے, عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں اور بھر پور ریلیف فراہم کیا جائے۔
ہفتہ کو یہاں ڈی سی آفس اٹک میں مختلف عوامی امور کے سلسلے میں ضلعی رابطہ کمیٹی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میرٹ کی عمل داری یقینی بنائی جائے، ترقیاتی سکیموں کو بروقت اعلیٰ معیار کے ساتھ مکمل کیا جائے۔
اجلاس میں مختلف عوامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ تمام افسران نے شرکا ء کو اپنے محکموں کے متعلق بریفنگ دی۔مختلف عوامی مسائل اور ان کے سد باب کے لیے تجاویز اور ہدایات دی گئی۔ اجلاس میں ضلع بھر میں جاری ترقیاتی سکیموں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ان سکیموں میں تعلیم، صحت، سڑکوں کی بحالی و مرمت،تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن اور دیگر عوامی اور فلاحی منصوبے شامل تھے۔
اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی ملک جمشید الطاف، ضلعی صدر پی ٹی آئی قاضی احمد اکبر خان، رہنما پی ٹی آٸی اکبر خان تنولی ، ملک خرم علی خان،وزیراعظم پاکستان کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم کے نماٸندے ملک اعجاز اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔