عید میلاد النبیﷺ کا دن عقیدت واحترام سے منانے کے لئے تمام تر اقدامات کئے جائیں گے؛ ڈپٹی کمشنر اکاڑہ کی متعلقہ اداروں کو ہدایت

61

اوکاڑہ،09اکتوبر (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنرکیپٹن (ر) محمد علی اعجازنے کہا ہے کہ عید میلاد النبیﷺ کا دن ہمارے لئے رحمتوں اور برکتوں والا دن ہے، اس کوعقیدت واحترام سے منانے کے لئے تمام تر اقدامات کئے جائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جشن عید میلاد النبی ﷺ کی تقاریب کے انعقاد کے سلسلہ میں انتظامات کے جائزہ کے لئے ممبران ضلعی امن کمیٹی اور اکابرین اہلسنت و جماعت کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

ڈپٹی کمشنرکیپٹن (ر) محمد علی اعجازنے کہا کہ عید میلاد النبی ﷺ کےجلوسوں، محفل میلاد کی تقاریب سیمینارز،سیرت کانفرنس سمیت اسی نسبت سے ہونے والی تمام تقاریب کی فول پروف سیکیورٹی کے انتظام کئے جائیں گے اور میں خود انتظامات کی نگرانی کروں گا ۔انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ ہم عید میلاد النبی ﷺ کی تقاریب کے انعقاد کے سلسلہ میں جس انداز سے اقدامات کر رہے ہیں وہ فقید المثال ہونگے۔

 اس موقع پر صدر انجمن تاجران وٹکٹ ہولڈر پاکستان تحریک انصاف چوہدری سلیم صادق ، منتظم جلوس ظفر لطیف، مولانا احسان صدیقی، سید امیرنقوی،سید زاہد گیلانی، چوہدری محمد اشرف،حبیب اللہ چوراہی، کوثررضوی مولاناسعید عثمانی، قاری محمد عاشق،راوَ عتیق گوہر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شریعت کےدائرے میں رہتے ہوئے جشن عید میلاد النبی ﷺ منایا جائے گا ،خاتم النبین حضرت محمد ﷺ فضل ِ عظیم اور فضل کریم ہیں، آپ ﷺ کے صدقہ میں ہی ہمیں سب کچھ ملا ہے ۔

اس موقع پر علماء و مشائخ نے جشن عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر بہترین انتظامات کے لئے اپنی تجاویز پیش کیں جس پر ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد علی اعجازنے فوری اقدامات کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ جلوس کے گزرگاہوں پر صفائی ستھرائی اور عارضی تجاوزات کے خاتمہ کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں ،موٹر سائیکلوں کے سائلنسر نکال کر چلانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی ۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو صباء اصغر علی،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری طاہر امین،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل حسنین خالد سنپال،تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنر صاحبان سمیت تمام ضلعی محکموں کے افسران نے شرکت کی۔