سکھر،08اکتوبر(اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر جاوید احمد نے 12ربیع الاول کے موقع پر عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی تیاریوں اور انتظامات کے سلسلے میں اپنے آفس کے کمیٹی روم میں اجلاس کی صدارت کی۔ ڈپٹی کمشنر سکھر نے تمام علمائے اکرام سے اپیل کی کہ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم پر امن منانے کے لئے اپنے خطبوں میں مذہبی ہم اہنگی اور بھائی چارے کا درس دیں۔
اجلاس کے دوران ڈی سی نے ایجوکیشن کے افسران کو ہدایت دی کہ وہ اپنے اسکولوں اور کالجز میں نعت خوانی کے مقابلے منعقد کروائیں۔انہوں نے کہا کہ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے موقع پر جلوسوں کی سیکیورٹی کا پلان بنایا جائے اور ہسپتالوں کو بھی الرٹ رکھا جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے سیپکو کے عملداروں کو ہدایت دی کہ 10 سے12 ربیع الاول کے دوران بجلی رات 8 بجے سے 12 بجے تک بجلی کی لوڈشیڈنگ سے گریز کیا جائے۔
اس موقع پر رینجرز کے کرنل عظیم نے کہا کہ 12 ربیع الاول کے موقع پر ملکی حالات کو نظر میں رکھتے ہوئے ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل کیا جائے ۔انہوں نے 12 ربیع الاول کے جلوسوں کے شرکاءسے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جلوس اور ریلیوں کو ٹائم پر نکالیں ۔انہوں نے کہا کہ جہاں کہیں بھی مسئلہ ہو تو فوری طور پر ڈی سی آفس میں قائم کردہ ڈسٹرکٹ کنٹرول روم پر اطلاع دی جائے۔
اجلاس میں مختلف فرقے کی علماء اکرام کے علاوہ مختلف شہری اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران نے شرکت کی۔