ملتان، 08 اکتوبر (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے پی ایچ اے حکام کے ہمراہ جمعہ کو یہاں شاہ شمس پارک کا دورہ کیا اور پارک میں جاری ترقیاتی کاموں کا معیار کو چیک کیا ہے ۔انہوں نے پارک کی بحالی کے اقدامات کی ہدایت کی اور کہا کہ شاہ شمس پارک کو 3 ماہ میں مثالی تفریح گاہ میں تبدیل کردینگے ، جھیل کی بحالی اور جھولوں کی تنصیب کیلئے نجی سیکٹر کو دعوت دینگے۔ڈی سی نے کہا پارک میں 4 کروڑ 80 لاکھ کی لاگت کے ترقیاتی کام جاری ہیں۔
چیئرمین پی ایچ اے اعجاز جنجوعہنے کہا شاہ شمس پارک میں رواں ماہ کام مکمل کرنے کا ٹاسک دیا ہے ، پارک میں سٹنگ ایریاز، جاگنگ ٹریک اور ٹوائلٹس بلاک مکمل کر لیا گیا ہے۔
ڈی جی پی ایچ اے شفقت رضا نے کہا جناح پارک کو بھی مثالی تفریح گاہ بنانے پر کام جاری ہے جبکہ پارکوں میں موجود سیکریپ کی جلد نیلامی کی جائے گی ۔اس کے علاوہ ترقیاتی فنڈز کا 1 فی صد ہارٹی کلچر پر خرچ کیا جارہا ہے۔
اس موقع پر چیئرمین پی ایچ اے اعجاز جنجوعہ سمیت ڈی جی سید شفقت رضا بھی ڈی سی کے ہمراہ تھے۔











