ملتان؛وزیراعلیٰ  سردار عثمان بزدار کی جانب سے سیتل ماڑی میں آتشزدگی کا شکار جھگی نشینوں میں ریلیف پیکج  تقسیم

8

ملتان، 29اکتوبر (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی جانب سے سیتل ماڑی میں آتشزدگی کا شکار جھگی نشینوں کیلئے ریلیف پیکج دیا گیا ہے، اس سلسلے میں گزشتہ روز معاون خصوصی جاوید اختر انصاری اور ڈپٹی کمشنر عامر کریم خان جھگی نشینوں کے پاس پہنچے اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے ڈپٹی کمشنر نے جھگی نشینوں میں کمبل،ٹینٹ اور دیگر سامان تقسیم کیا۔

اس موقع پر وزیراعلی پنجاب کی جانب سے معاون خصوصی جاوید اختر انصاری نے جھگی نشینوں سے اظہار ہمدردی بھی کیا اور انکے نقصان کی تلافی کی یقین دہانی کرائی۔

ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ سیتل ماڑی میں کچھ عرصہ قبل آتشزدگی سے 30 سے زائد جھگیوں کو نقصان پہنچا تھا جس پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے انکو ریلیف فراہم کرنے کے احکامات جاری کئے تھے اس حوالے سے انکو سرد موسم سے بچانے کیلئے کمبل اور ٹینٹ فراہم کئے گئے ہیں۔یہ امدادی سامان کی فراہمی جھگی نشینوں کو ریلیف دینے کی کاوش ہے۔

معاون خصوصی جاوید اختر انصاری نے کہا کہ حکومت پنجاب جھگی نشینوں کے حقوق کا بھی ادراک رکھتی ہے اور انکی بحالی کیلئے مکمل اقدامات کرے گی۔

بعد ازاں 30 سے زائد جھگی نشینوں میں امدادی سامان تقسیم کیا گیا ۔