ملتان، 27 اکتوبر )اے پی پی ):یوم سیاہ کشمیر کے سلسلے میں گورنمنٹ کالج سول لائنز ملتان میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا، سیمینار میں مختلف شعبہ جات کے ایک ہزار سے زائد طلباء وطالبات نے شرکت کی۔ اس موقع پر طلباء وطالبات نے کشمیریوں کے حق میں نعرے بلند کرکے کشمیریوں کی جدو جہد آزادی کی بھرپور اخلاقی حمایت کے عزم کا اظہار کیا۔
جس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ کشمیری بھارت کے ریاستی ظلم و جبر کا شکار ہیں،اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے سنجیدہ کردار ادا کرے ۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کی جدو جہد آزادی کو 70 سال سے زائد عرصہ بیت گیا ہے ،لیکن عالمی برادری کیلئے یہ مسئلہ آج بھی حل طلب ہے۔بھارت جبر کی بنیاد پر کشمیریوں کا استحصال کررہا ہے،کشمیری طلباء وطالبات بھی نفسیاتی طور پر بھارت کے ریاستی جبر کا شکار ہیں۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی سیکرٹری ہائر ایجوکیشن جنوبی پنجاب قاضی محمد خالد کا کہنا تھا کہ کشمیر کا مسئلہ نصف صدی سے حل طلب ہے جبکہ اس مسئلہ کے حل کیلئے اقوام متحدہ کا کردار بھی جانبدرانہ ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالے۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل گورنمنٹ کالج سول لائنز پروفیسر سید حیدر عباس گردیزی کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی کئی قراردادیں ہیں،اقوام متحدہ کا ادارہ مسئلہ کے حل کیلئے سنجیدہ کردار ادا کرے،کشمیر کا مسئلہ کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔
سیمینار کے شرکاء سے پروفیسر غلام رضا ناصر،پروفیسر فیصل ہاشمی ،پروفیسر رانا فیصل،پروفیسر اویس رضا ودیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔