اسلام آباد۔18اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ملک کو ریاست مدینہ کے اصولوں کے مطابق چلانے کا عزم رکھتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اپوزیشن لیڈر کے نکتہ اعتراض کا جواب دیتے ہوئے کیا۔ مراد سعید نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر نے بارہا مدینہ کی ریاست کی بات کی۔ اللہ کا شکر ہے ملک کا وزیراعظم وہ ہے جو ملک کو مدینہ کی ریاست کے اصول پر چلانے کا عزم رکھتے ہیں۔ جب ان کی حکومت تھی تو وہ امریکہ کے دورے کے دوران یہ کہتے تھے کہ ہم بڑے لبرل ہیں، عمران خان دین کی جانب راغب ہیں۔
قومی اسمبلی کا اجلاس پیر کی شام 4 بجے تک کے لئے ملتوی کردیا گیا۔ پیر کو قومی اسمبلی میں وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا کہ یہ ایوان رسول اللہ خاتم النبیین ﷺکے اسوہ حسنہ پر بحث کرے۔ اس دوران سپیکر نے وزیر مواصلات مراد سعید کو اپوزیشن لیڈر کی تقریر کا جواب دینے کے لئے موقع دیا تو مسلم لیگ (ن) کے رکن انجینئر خرم دستگیر خان نے ایوان میں کورم کی نشاندہی کردی۔ اپوزیشن ارکان اس دوران ایوان سے واک آئوٹ کرگئے۔ ارکان کی مطلوبہ تعداد پوری نہ نکلنے پر سپیکر نے قومی اسمبلی کا اجلاس بدھ کی شام چار بجے تک ملتوی کردیا۔











