اسلام آباد،24 اکتوبر(اے پی پی): پاکستان کے معروفبزنس مین سہیل تابہ نے ریاض میں پیر کو ہونے والی سعودی پاکستان انویسٹمنٹ فورم کے حوالے سے کہا کہ ہمارے وزیراعظم کو سعودی ولی عہد نے مدعو کیا ہے یہ دورہ ایک ایسا گیٹ وے ہے جس میں ہم کافی چیزیں تلاش کر سکتے ہیں ۔وزیراعظم کے دورہ کے موقع پر ہمارے پاس یہ موقع ہے کہ ہم سعودی سرمایہ کاری کو راغب کر سکتے ہیں اور سعودی عرب میں بھی سرمایہ کاری کر سکتے ہیں ، سعودی وژن 2030میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں ۔ آئی ٹی پارکس کی ڈویلپمنٹ میں کردار ادا کرسکتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ توقع ہے کہ وزیراعظم کے دورہ کے موقع پر بڑی پیش رفت ہو گی ، پاکستان اور سعودی عرب کی تزویراتی شراکت داری بہت اچھی ہے ، تاہم کاروبار کے جتنے مواقع ہیں ان سے مکمل فائدہ نہیں اٹھایا جاسکا، ہمیں امید ہے کہ وزیراعظم کے دورہ سے پاکستان کو بہت زیادہ فائدہ ہو گا ۔