اسلام آباد۔19اکتوبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر نبی آخر الزماں محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کرنے کے لیے رواں سال ربیع الاول کو منفرد انتظامات کیساتھ منایا جا رہا ہے ،تحریک انصاف کی حکومت نے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کے مطابق اسلام کی حقیقی تصویر پیش کرنے کے لیے رحمتہ للعالمینؐ اتھارٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا ،اتھارٹی نوجوانوں میں حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کرنے کی ذمہ دار ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں نجی شاپنگ مال سینٹورس میں ورسٹائل آرٹسٹ وصل شاہد کی جانب سے لگائی گئی سولو خطاطی نمائش کے دوسرے روز اپنے دورہ کے دوران خطاب میں کیا ۔ وزیر مملکت علی محمد خان نے کہا کہ خطاطی مسلمانوں اور برصغیر کا ورثہ ہے، آج کے دور میں خطاطی کی اہمیت بڑھ گئی ہے اور یہ دنیا بھر میں امن ، محبت اور علم کا پیغام پھیلائے گی۔ وزیر مملکت نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر نبی آخر الزماں محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کرنے کے لیے رواں سال ربیع الاول کو منفرد انتظامات کیساتھ منایا جا رہا ہے ۔ حکومت نے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کے مطابق اسلام کی حقیقی تصویر پیش کرنے کے لیے رحمتہ للعالمین ؐاتھارٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا ،اتھارٹی نوجوانوں میں حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کرنے کی ذمہ دار ہوگی۔ وزیر مملکت نے اس موقع پر خطاطی کے فن کا بھی مظاہرہ کیا جسے نمائش کے لیے رکھے گئی دیگر فن پاروں کیساتھ رکھا گیا ۔











