وزیراعظم کی ہدایت پر ملک کے وسیع تر مفاد میں مذاکرات کو ترجیح دی؛ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی 

20

اسلام آباد،31اکتوبر  (اے پی پی):حکومت اور تحریک لبیک کے مابین اتفاق رائے سے معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے مثبت نتائج آئندہ ایک ہفتے تک سامنے آ جائیں گے،  حکومت نے اس حوالہ سے تین رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے جبکہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی  اور  مفتی منیب الرحان نے کہا ہے کہ معاہدے میں امن و سلامتی کیلئے مخلصانہ جدوجہد کی گئی اور  تمام شراکت داروں نے اس حوالہ سے بہترین کردار ادا کیا، مذکرات جبر اور تنائو کے ماحول میں نہیں بلکہ سنجیدہ اور آزادانہ ماحول میں ہوئے ،انتشار میں پاکستان کا فائدہ نہیں،ان قوتوں کا فائدہ ہے جو ملک میں افراتفری پھیلانا چاہتے ہیں، علماء اکرام فہم و فراست سے کام لیتے ہوئے ملک کو بحران سے بچا لیا، قومی سلامتی کے اجلاس میں مذاکرات کو ترجیحی دینے کا فیصلہ کیا تھا ۔
اتوار کو وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مفتی منیب الرحمان،سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر ، وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان کے ہمراہ   پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام علماء و مشائخ اور اکابرین کا دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا   ہوں جنہوں نے ملک کو انتشار سے بچایا ۔

 وزیر خارجہ نے کہا کہ وہ جب تہران سے یہاں پہنچے تو نیشنل سکیورٹی کمیٹی  کا اجلاس ہوا ، اجلاس میں طویل مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ ہم نے مذاکرات کو ترجیحی دینی ہے، مسئلہ کو طاقت سے نہیں  بلکہ مصلحت سے حل کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس کے عرصہ کے دوران املاک کو نقصان ، لوگوں کو ہسپتال پہنچانے میں دشواری ، بچوں کو سکول جانے میں دقت ، معاشی نقصان کا خدشہ ہوسکتا تھا  تاہم حکومت اور تحریک لبیک نے ان تمام صورتحال کو سامنے رکھتے ہوئے ایک پرامن اور بہتری کا راستہ اختیار کیا اور تمام اہل سنت کے قائدین اور تحریک لبیک کی قیادت کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اس کار خیر میں حصہ لیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ اس کار خیر میں جن علماء کرام نے حصہ لیا ان میں مفتی منیب الرحمان ، مولانا بشیر فاروق قادری ، ثروت اعجاز قادری ، صاحبزادہ حامد رضا اور ملک بھر سے دیگر علماء و مشائخ نے شرکت کی ۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ ملک و ملت کے مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے کہا گیا کہ  انتشار میں پاکستان کا فائدہ نہیں بلکہ  ان قوتوں کا فائدہ ہے جو ملک میں افرا تفری پھیلانا چاہتے ہیں ، ہمیں اللہ تعالیٰ نے سرخرو کیا ، پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہیں ۔