لاہور،19 اکتوبر(اے پی پی): وزیراعلیٰ آفس 8 کلب روڈ کی جامعہ مسجد میں عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کے موقع پر روح پرور محفل میلاد کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی شرکت کی۔
محفل میلاد ؐ کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیاگیا۔ قاری محمدرفیق نقشبندی نے تلاوت قرآن پاک کی سعادت حاصل کی۔ڈی جی اوقاف طاہر رضا بخاری نے بیان سیرت النبی ؐ صلی اللہ علیہ وسلم سے محفل میلاد کا آغاز کیا۔محفل میلاد میں بارگاہ رسالتؐ صلی اللہ علیہ وسلم میں ہدیہ عقیدت کے پھول پیش کئے گئے۔
معروف نعت خوانوں الحاج محمد فیصل نقشبندی، عبدالصمد سراقہ اور اسرار اعظم چشتی نے بھی نعت رسول مقبولؐ پیش کیں ۔صوبائی وزیر اوقاف پیر سید سعیدالحسن شاہ نے خاتم النبین حضرت محمد ؐ کی شان بیان کی اور دعا کرائی۔ملک و قوم کی سا لمیت، ترقی، خوشحالی اور امن کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔
صوبائی وزیر اسد کھوکھر، ایم پی اے نذیر احمد چوہان، پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلی، سیکرٹری اوقاف، سیکرٹری کوآرڈینیشن وزیر اعلی اور وزیر اعلی آفس کے سٹاف نے محفل میلاد ؐ میں شرکت کی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ نبی کریم ؐ کی ولادت با سعادت کی بابرکت گھڑیاں کائنات کے قیمتی ترین لمحات ہیں۔
بارہ ربیع الاول کی افضل ترین صبح ازلی سعادتوں اور ابدی مسرتوں کے خوبصورت نور نے پوری دنیا کو منور کر دیا-
حضور رحمت عالم ؐ صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت مبارکہ سے پہلے سرزمین عرب جہالت کے اندھریوں میں ڈوبی ہوئی تھی۔
حضرت محمد ؐ صلی اللہ علیہ وسلم کے قدم مبارک سے نہ صرف زمین عرب بلکہ پوری دنیا کی کایا پلٹ گئی-
آپ ؐ صلی اللہ علیہ وسلم نے مختصر عرصے میں انقلاب آفریں اصلاحات کر کے ایک مثالی معاشر ے کی بنیاد رکھی-











