لاہور، 9 اکتوبر (اے پی پی): وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے نیشنل فوڈ سیکورٹی جمشید اقبال چیمہ نے ہفتہ کو یہاں پریس کانفرنس میں بتایا ہے کہ وزیر اعظم کا ویژن ہے کہ درآمدات پر انحصار کرنے کے بجائے مقامی طور پر پیداوار ہو اور یوں برآمدات بھی بڑھیں گی اور کسانوں کی فلاح و بہبود کے امکانات زیادہ ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم ہر چیز کو بڑے شفاف طریقے سے لے کر چل رہے ہیں، امسال کپاس میں گزشتہ برس کی نسبت 4 ملین بیل زیادہ ہونے کی توقع ہےجبکہ بھارت کی اس سال 36 فیصد کپاس کم ایکسپورٹ ہوئی ہے،اس سال کپاس کے پاکستانی کسانوں کے گھر میں 380 ارب روپے زیادہ گیا ہےاور گزشتہ برس سے ٹیکسٹائل میں 1200 ارب روپے زیادہ آمدن ہوئی ہے۔